چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن کی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے اعلیٰ حکام سے ملاقات، قلت آب پر گفتگو

چیئرمین ٹاؤن کی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے اعلیٰ حکام سے ملاقات، قلت آب پر گفتگو

کراچی: چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگوپیر، حاجی نواز علی بروہی نے آج کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر احمد علی صدیقی  اور چیف آپریٹنگ آفیسر اسد اللہ خان سے ان کے دفتر میں ایک نہایت اہم اور نتیجہ خیز ملاقات کی۔

اس ملاقات کا مقصد منگوپیر ٹاؤن کے ان چھ گوٹھوں میں پانی کی بندش کے سنگین اور دیرینہ مسئلے کی نشاندہی اور اس کے فوری حل کے لیے مؤثر اقدامات پر زور دینا تھا۔ مذکورہ گوٹھوں  پانی کی فراہمی معطل ہے، جس کے باعث وہاں کے مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ پانی جیسی بنیادی ضرورت کی عدم دستیابی نے نہ صرف گھریلو زندگی کو متاثر کیا ہے بلکہ صحت، صفائی،  اور مقامی معیشت جیسے شعبے بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ شہری یا تو دور دراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہیں یا مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر انحصار کرتے ہیں، جس سے معاشی دباؤ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے عوامی شکایات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے واٹر بورڈ کے اعلیٰ حکام سے براہِ راست ملاقات کا فیصلہ کیا تاکہ اس اہم مسئلے کا پائیدار اور فوری حل تلاش کیا جا سکے۔ ملاقات کے دوران انہوں نے متاثرہ گوٹھوں کی تفصیلات، ان کی آبادی، پانی کی بندش کی ممکنہ وجوہات اور عوام کو درپیش مشکلات پر مشتمل ایک جامع رپورٹ پیش کی۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی  نے حکام کو باور کرایا کہ یہ محض سہولت کا نہیں بلکہ ایک انسانی بقاء کا مسئلہ ہے، جس کی بروقت اصلاح ناگزیر ہے۔ تاخیر کی صورت میں یہ بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے، جس سے شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ احمد علی صدیقی اور سی او او جناب اسد اللہ خان نے چیئرمین کی گفتگو کو انتہائی توجہ اور سنجیدگی سے سنا اور مسئلے کی سنگینی کا اعتراف کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ انجینئرنگ ٹیموں کو فوری طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے تکنیکی مسائل کا جائزہ لیں اور پانی کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ واٹر بورڈ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتا ہے، اور منگوپیر کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

اس موقع پر علاقے کے معززین، سماجی شخصیات اور مقامی نمائندے بھی موجود تھے، جنہوں نے عوامی مسائل کو کھل کر بیان کیا اور حکومت و متعلقہ اداروں سے فوری اور مؤثر اقدامات کی اپیل کی۔

چیئرمین منگوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے ملاقات کے بعد واٹر بورڈ کی جانب سے دی گئی یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ بہت جلد متاثرہ گوٹھوں میں پانی کی فراہمی بحال ہو جائے گی، اور عوام صاف، محفوظ اور تسلسل سے پانی حاصل کر سکیں گے۔

اختتام پر چیئرمین نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا منگوپیر ٹاؤن کے عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل میری سیاست کا بنیادی مقصد ہے۔ میں ہر اس ادارے کے دروازے پر جاؤں گا جہاں سے عوامی ریلیف ممکن ہو۔ عوام کی خدمت میرا مشن ہے، اور ہمیشہ رہے گا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں