
ڈاکٹر عبدالقدیر کے احسان کو رہتی دنیا تک پاکستانی قوم یادرکھے گی۔ڈاکٹر خالدعراقی
کراچی:جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ28 مئی پاکستان کے لئے ایک تاریخی دن ہے۔بھارت نے 13 مئی 1998 ء کو پانچ ایٹمی تجربات کئے جس کے جواب میں پاکستان نے سات ایٹمی تجربات کرکے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک اور کسی سے کم نہیں۔یہ دن اس لئے بھی ہمارے لئے تاریخی دن ہے کیونکہ اس دن پاکستان پوری مسلم امہ کے لئے واحد نیوکلیئر پاوربن کراُبھراجو ہم سب کے لئے باعث فخرہے۔پاکستان کو ایٹمی تجربات سے روکنے کے لئے بین الاقوامی طاقتوں اور بالخصوص امریکہ کی جانب سے پاکستان پر ایٹمی تجربات نہ کرنے کے لئے شدید دباؤ تھااور ایٹمی تجربات نہ کرنے عوض دیگر فائدوں کے حصول کے لئے کہا گیا لیکن اس وقت قومی مفاد اور سالمیت کو مقدم رکھتے ہوئے تمام دباؤ اور فائدوں کو پس پشت ڈال کر کامیاب ایٹمی تجربات کئے گئے ایٹمی تجربات پرہر قسم کے سمجھوتوں کو یکسر مستردکردیاگیا۔آج پاکستان ایک پرامن نیوکلیئر پاور اور محفوظ ملک ہے۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا،انہوں نے پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کی قیادت اور ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کو مسلم اُمہ کی پہلی اولین نیوکلیئر طاقت بنایااور پوری پاکستان قوم پر ایک بہت بڑااحسان کیا اور ان کے اس احسان کو رہتی دنیا تک پاکستانی قوم یادرکھے گی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی کے زیر اہتمام انتظامی عمارت کی سبزہ زارپر یوم تکبیر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں رجسٹرارجامعہ کراچی، تمام روئسائے کلیہ جات،مختلف شعبہ جات کے صدور،اساتذہ اور انتظامی عملے کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔بعدازاں انتظامی عمارت تاآزادی چوک واک بھی کی گئی جس میں شرکاء نے ہاتھ میں بینرز اُٹھائے تھے جس پر پاک فوج ہمارافخر ہے اور افواج پاکستان سے اظہاریکجہتی کے نعرے درج تھے۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ افواج پاکستان نے اندرونی اور بیرونی سازشوں کا سیسہ پلائی دیواربن کر مقابلہ کیااورپوری دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستانی کی سرحدیں محفوظ ہیں اور ایٹمی پروگرام محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ پاکستان کا ہر فرد ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے غیر مشروط محبت کرتاہے کیونکہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان پاکستان سے غیر مشروط محبت کرتے تھے،ترقی پذیراور بالخصوص پاکستان کی عالمی سطح پر پہچان کے لئے نالج بیسڈ سوسائٹی کا قیام ناگزیر ہے۔نالج بیسڈ سوسائٹی کے بغیر عالمی سطح پر شناخت ممکن نہیں اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان ہمیشہ ایک نالج بیسڈ سوسائٹی کے قیام کے لئے کوشاں رہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ادارے بنانے اور اس کو پروان چڑھانے کے فن سے بخوبی واقف تھے۔انہوں نے مشکلات کے باوجو د اپنے مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچایا اور مقصد کے حصول میں وہ ہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو مقصد کے حصول کے لئے سب کچھ قربان کرنے کو تیارہوتے ہیں۔ڈاکٹر خالد عراقی نے 09 مئی کو پیش آنے والے واقعات پر افسوس کا اظہارکیا اور کہا کہ ہمیں اداروں کا احترام کرنا چاہیئے کیونکہ ادارے سلامت رہیں گے توعوام بھی سلامت رہے گی۔

صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر صالحہ رحمن نے کہاکہ ہمیں ہر شعبہ ہائے زندگی میں دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے تحقیقی میدان میں نمایاں مقام پیداکرنا ہوگا،جس طرح ہماری افواج کو پوری دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل ہے اسی طرح ہمیں دیگرشعبہ جات میں بھی نمایاں مقام پیداکرنے کی ضرورت ہے۔ہماری نوجوان نسل عصرحاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوکر ہی دنیا کا مقابلہ کرسکتی ہے۔
مشیر امورطلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر سید عاصم علی نے کہا کہ پاکستان نے 28 مئی کو ایٹمی قوت ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اس اعزاز پر نہ صرف پاکستانی بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل جذبہ شکر اور جذبہ ایمانی سے لبریز تھے اورآج کا دن اسی نسبت سے یوم تکبیر کہلایا اور ہر سال تمام عالم کے مسلمان بالخصوص پاکستانی اس دن کو جوش وخروش اور قوت ایمانی سے سرشارہوکر مناتے ہیں اور آج کی اس تقریب کے انعقاد کا مقصد بھی اس دن کو یادکرناہے۔
کراچی یونیورسٹی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدرمحمد فرید صدیقی نے کہا کہ ایٹمی تجربات کے بعد پاکستان نے ثابت کیا کہ وہ دشمن کے ہر حربے کا بخوبی جواب دینا جانتا ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو اپنی انتھک محنت سے ایک جوہری طاقت بنایا اور پاکستان کے اسلحہ پروگرام کو ایک نئی شکل دی اور شمن ملک کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کے قابل بنایا۔جب تک پاک فوج موجود ہے ہماری سرحدوں اور اثاثوں کی طرف کوئی آنکھ اُٹھاکر نہیں دیکھ سکتا۔
