کراچی:منگھوپیر ٹاؤن کی یونین کونسل نمبر چار میں بائیس سال کے طویل انتظار کے بعد نالے کی مکمل صفائی کا کام پایۂ تکمیل کو پہنچا، جسے اہلِ علاقہ نے ایک انقلابی اور تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔ کئی دہائیوں سے اس علاقے کے مکین بدبو، گندگی اور نکاسی آب کے شدید مسائل کا سامنا کرتے آ رہے تھے، مگر گزشتہ ادوار میں اس جانب کوئی سنجیدہ اقدام نہیں کیا گیا۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے ان عوامی مسائل کو نہ صرف محسوس کیا، بلکہ ان کے حل کے لیے فوری اور مؤثر عملی اقدامات کا آغاز بھی کیا۔
ان کی خصوصی ہدایت سینیٹیشن کے شعبے نے جامع حکمت عملی کے ساتھ نالے کی صفائی کا عمل شروع کیا، جو چند ہی دنوں میں مکمل کر لیا گیا۔ اس اقدام کے باعث اہلِ علاقہ کو ایک بڑی اور دیرینہ پریشانی سے نجات مل گئی، جس پر شہریوں نے نہایت مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا۔
اس منصوبے کی نگرانی حاجی نواز علی بروہی نے خود کی۔ وہ روزانہ موقع پر موجود رہ کر صفائی کے ہر مرحلے کا باریک بینی سے جائزہ لیتے رہے، تاکہ کام معیار اور شفافیت کے ساتھ مکمل ہو۔ ہم کاغذی وعدوں کے بجائے زمینی حقائق پر یقین رکھتے ہیں، اور عوام کی خدمت کو اپنا فریضہ اور اعزاز سمجھتے ہیں۔
علاقے کے مکینوں نے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بائیس برسوں بعد پہلی بار انہیں ایسا محسوس ہوا ہے کہ ان کی آواز سنی جا رہی ہے۔ ایک بزرگ شہری نے کہا کہ "یہ نالہ سالوں سے گندگی، تعفن اور بیماریوں کی علامت بن چکا تھا، لیکن اب حالات میں واضح بہتری آ گئی ہے۔” خواتین نے بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کے بچے بیماریوں سے محفوظ رہیں گے اور محلے کا ماحول بہتر ہو گیا ہے۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کا کہنا تھا کہ ہماری ترجیح صرف الفاظ نہیں، بلکہ عمل ہے۔ ہم منگھوپیر ٹاؤن کی تمام یونین کونسلز میں مساوی بنیادوں پر ترقیاتی کاموں کو یقینی بنا رہے ہیں۔ کوئی بھی علاقہ نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ ہماری قیادت کا مقصد خدمت ہے، اور ہم منگھوپیر کو صفائی، ترقی اور فلاح کا ماڈل ٹاؤن بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
اس موقع پر ان کے ساتھ صدر پاکستان پیپلز پارٹی ویسٹ عابد حسین ستی ۔انفارمیشن سیکرٹری علی اکبر کا چیلو ۔محکمہ سینیٹیشن کے افسران اور علاقہ مکین موجود تھے ۔