کراچی: نیو کراچی ٹاؤن کے گنجان آباد علاقے سیکٹر 5-B/3 میں سیوریج مسائل نے سنگین صورتحال اختیار کرلی، علاقے کی گلیاں اور سڑکیں بدبو دار پانی سے بھر گئیں، جس کے باعث مکین شدید اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں۔ اہل علاقہ کی جانب سے شکایات موضول ہونے کے بعد چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ متاثرہ علاقے کے ہنگامی دورے کے دوران برساتی نالے اور مین ہولز کی ابتر حالت کا جائزہ لیا اور فوری صفائی اور نکاسی آب کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ درحقیقت یہ ذمہ داری کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ہے، مگر اس محکمہ کی مجرمانہ غفلت، نااہلی اور کرپشن کے باعث شہری اذیت میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے پیشِ نظر اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹاؤن انتظامیہ نے اپنے محدود وسائل اور فنڈز سے صفائی مہم اور خستہ حال سیوریج لائنوں کی تبدیلی کا عمل شروع کیا ہے تاکہ نیو کراچی ٹاؤن کے مکین سکھ کا سانس لے سکیں۔چیئرمین کا کہنا تھا کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی نااہلی کے باعث کراچی کے بیشتر علاقوں میں سیوریج مسائل سنگین ہوچکے ہیں، مگر جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے اور ٹاؤن انتظامیہ عوام کواس نا اہل ادارے اور مسائل کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی، اس لیے جہاں جہاں ضرورت پیش آتی ہے منتخب نمائندے ٹاؤن کے فنڈز سے فوری ان مسائل کو حل کررہے ہیں تاکہ عوام کو جلد از جلد مسائل سے نجات مل سکے۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ عمل شروع ہوتے ہی علاقے میں گندے پانی کی نکاسی کا کام تیزی سے جاری ہے اور نالوں کی صفائی کے بعد پانی کی روانی بحال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ مکینوں نے چیئرمین محمد یوسف اور ان کی ٹیم کے فوری ردعمل اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہا۔
اس موقع پرچیئرمین محمد یوسف نے تمام ٹاؤن افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ عوامی شکایات پر فوری ردعمل دیا جائے اور جہاں کہیں بھی سیوریج مسائل ہوں، ان کا فوری ازالہ کیا جائے، چاہے وہ متعلقہ ادارے کی ذمہ داری ہو یا نہیں کیونکہ عوام کو ریلیف دیناہماری اولین ترجیح ہے۔