کراچی: چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن صدر منصور احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور امن کا دارومدار بہتر نظام تعلیم اور طریقہ تدریس پر منحصر ہے قوموں کی بقاء تعلیم کے فروغ میں ہی مضمر ہے ہماری اوّلین ترجیحی ہے کہ صدر ٹاؤن کے سرکاری اسکولوں میں نظام تعلیم کا معیار مزید بہتری کی طرف لے جایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر ٹاؤن کے اسکولوں کے 7ہزار بچوں میں سندھ گورنمنٹ کی جانب سے مفت کتب کی تقسیم کے موقع پر کیا۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر نور حسن جوکھیو، ڈائریکٹر ایجوکیشن ایم رئیسی،ایڈیشنل ڈائریکٹر اسماء ایاز اور ایجوکیشن کمیٹی کے چیئرمین عاطف بلو بھی موجود تھے
اس موقع پر چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے کہا کہ مفت کتب کی تقسیم کا مقصد طلباء میں تعلیمی ترقی کے فروغ اور بچوں میں مطالعے کے رجحان کو بڑھانے کیلئے سندھ گورنمنٹ کی جانب سے ایک اہم اقدام ہے ہمارا مقصد سرکاری اسکولوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے یہ اقدام طلباء کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
منصور احمد شیخ نے مزید کہا کہ تعلیم ہی قوموں کی ترقی کی بنیاد ہے اور ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے بچوں کو بہتر تعلیمی وسائل مہیا کریں تاکہ وہ روشن مستقبل کی طرف گامزن ہو سکیں
میونسپل کمشنر نور حسن جوکھیو نے کہا کہ صدر ٹاؤن کی انتظامیہ تعلیمی میدان میں بہتری لانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور یہ کتب کی تقسیم اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔تمام ا سکولوں میں مفت کتب کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ اس اقدام سے طلباء کی تعلیمی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور انہیں معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔