ظلم اور ناانصافی کے سامنے خاموش رہنا مومن کی شان نہیں: شرجیل انعام میمن
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے یومِ عاشورہ کے موقع پر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت
شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عاشورہ کا دن ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام، ان کے اہلِ بیت اور جاں نثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے، جو حق و صداقت اور عدل و مساوات کے علمبردار تھے.کربلا کی سرزمین پر امام عالی مقام نے اپنے خون سے ایک ایسی تاریخ رقم کی جو رہتی دنیا تک مظلوموں کے لیے ہمت اور جابر حکمرانوں کے خلاف مزاحمت کی علامت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہادتِ امام حسینؓ اسلام کی وہ روح ہے جو ہمیں ہر دور کے یزیدی نظام کے سامنے ڈٹ جانے، حق گوئی اور قربانی کا درس دیتی ہے،آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظلم اور ناانصافی کے سامنے خاموش رہنا مومن کی شان نہیں بلکہ ہر باطل کے خلاف کھڑے ہونا حسینیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم یومِ عاشورہ کو عقیدت، یکجہتی اور احترامِ انسانیت کے ساتھ منائیں، تمام مکاتبِ فکر اور مذاہب کے درمیان رواداری، امن اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہی اس دن کا اصل پیغام ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ امام حسینؓ کی سیرت کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے ایک ایسا معاشرہ قائم کریں جہاں ظلم، فرقہ واریت اور ناانصافی کے لیے کوئی جگہ نہ ہو،آج کے دن عہد کریں کہ ہم سب مل کر پاکستان کو ایک پرامن، انصاف اور اتحاد پر مبنی ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے، یہی حسینیت کی راہ ہے۔