کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ، وائس چیئرمین جام محمد جوکھیو اور میونسپل کمشنر احمد یار کی ہدایت پر محرم الحرام کے سلسلے میں گڈاپ ٹاؤن کی حدود میں خصوصی بلدیاتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
سپرنٹنڈنگ انجینئر (ایم اینڈ ای) نور علی جمالی اور (اے ای ای) وسیم آرائیں کے مطابق امام بارگاہوں، جلوسوں کے روٹس اور مجالس گاہوں پر اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی وتنصیب کا کام مکمل کر دیا گیا ہے تاکہ عزاداران کو بہتر روشنی کی سہولت میسرہو سکے,دوسری جانب ڈائریکٹر سینٹیشن اشرف بلوچ اور ڈپٹی ڈائریکٹر سینیٹیشن محمد افضل لغاری کی نگرانی میں صفائی ستھرائی، نکاسی آب، چونا چھڑکاؤ اور دیگر ضروری اقدامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔
بارش کے بعد کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی ٹیمیں فعال کر دی گئی ہیں,چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے,منتظمین کی مشاورت سے مسائل حل کیے جا رہے ہیں, جلوسوں کے راستوں پر صفائی، روشنی کی فراہمی، تجاوزات کے خاتمے اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات پر گامزن ہیں, ہماری کوشش ہے کہ عزاداران حسین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو
میونسپل کمشنر احمد یار نے کہا کہ محرم الحرام کو عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے, یہ مہینہ ہمیں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور نیا اسلامی سال بھی اسی مہینے سے شروع ہوتا ہے، اس لیے ہمیں اسے نہایت نظم و ضبط اور یکجہتی کے ساتھ منانا چاہیے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن رضوان صابر، انچارج سینیٹیشن علی پلیجو، شانی پرویز، الیکٹر یشن محمد مغیث الرحمن، پی ایس چیئرمین لعل جان نبی بھی موجود تھے۔