منگھوپیر ٹاؤن سے حج کے سعادت حاصل کرنے والے خوش نصیب ملازمین کی وطن واپسی پر تقریب کا انعقاد

کراچی: چیئرمین منگوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی کی جانب سے رواں سال حج کی سعادت حاصل کرنے والے خوش نصیب حجاج کرام کا پرتپاک استقبال رواں سال 2025ء میں فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرنے والے خوش نصیب افراد کی وطن واپسی پر ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگوپیر کی جانب سے ایک روح پرور اور شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین منگوپیر ٹاؤن، محترم حاجی نواز علی بروہی نے ذاتی طور پر تمام حجاج کرام کا والہانہ استقبال کیا، انہیں پھولوں کے ہار پہنائے، مبارکباد پیش کی اور ان کی عظیم عبادت پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ حج ایک مقدس، بابرکت اور روحانی عبادت ہے، جو صرف انہی خوش نصیبوں کو نصیب ہوتی ہے جنہیں ربِ کائنات اپنے دربار میں حاضری کی توفیق عطا فرماتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منگوپیر ٹاؤن کے لیے یہ باعثِ افتخار ہے کہ ہمارے علاقے کے کئی افراد کو رواں سال حج جیسا عظیم الشان فریضہ ادا کرنے کا موقع ملا۔

حجاج کرام نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا روحانی سفر ان کی زندگی کا سب سے بابرکت، پرسکون اور ایمان افروز تجربہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے طوافِ کعبہ، وقوفِ عرفات، رمیِ جمرات، مسجد نبوی اور روضۂ رسول ﷺ پر حاضری کے دوران خاص طور پر اپنے وطن عزیز، منگوپیر کے عوام اور پوری امتِ مسلمہ کے لیے دعائیں کیں۔

اس موقع پر علاقے کی معروف مذہبی، سماجی اور سیاسی شخصیات، ٹاؤن افسران، عمائدینِ علاقہ اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب کے دوران چیئرمین نے ہر حاجی سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے جذبۂ ایمانی کو سراہا۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اس موقع پر کہا کہ منگوپیر ٹاؤن صرف ترقیاتی کاموں تک محدود نہیں بلکہ ہم دینی، روحانی اور اخلاقی معاملات میں بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ ہمیشہ ایسے اقدامات کی حمایت کرے گی جو دین سے تعلق مضبوط کریں، عوامی ہم آہنگی کو فروغ دیں اور روحانی فضا کو تازگی عطا کریں۔

پروگرام کے اختتام پر اجتماعی دعا کی گئی جس میں ملکِ پاکستان کی سلامتی، ترقی، استحکام، عوام کی خوشحالی، اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ حجاج کرام نے چیئرمین منگوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی کے خلوص، محبت اور عزت افزائی پر دلی شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں