کراچی: گلبرگ ٹاؤن کی جانب سے مون سون بارشوں سے قبل شروع کیے گئے رین واٹر اور وضو واٹر ہارویسٹنگ سسٹم نے حالیہ بارشوں میں شاندار نتائج دیے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت شہری علاقوں میں پانی کے فوری نکاس، ٹریفک کی روانی اور ماحولیاتی توازن میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔
یہ جدید سسٹم فیڈرل بی ایریا کے بلاک 6، 10، 11 اور 20 میں قائم کیا گیا، جبکہ SDG پارک میں ایک ماڈل پروجیکٹ کے طور پر اس پر خصوصی کام کیا گیا، جہاں اقوامِ متحدہ کے 9 پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) پر عملی اقدامات جاری ہیں۔
اس منصوبے کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کی نگرانی میں ہوا، جنہوں نے NED یونیورسٹی کے تحقیقی ادارے Panjwani-Hisaar Water Institute (PHWI) کا دورہ کیا اور معروف ماہرِ آبی وسائل ڈاکٹر عمران احمد اور ان کی ٹیم سے رہنمائی حاصل کی۔
ڈاکٹر عمران احمد نے اس موقع پر کہا "رین اور وضو کے پانی کو محفوظ کر کے دوبارہ استعمال میں لانا ماحولیاتی پائیداری، آبی خود کفالت اور شہری ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔”
واٹر ہارویسٹنگ سسٹم کے ذریعے بارش اور وضو کا پانی زمین میں جذب کیا جا رہا ہے، جس سے زیر زمین پانی کی سطح میں بہتری متوقع ہے۔ پانی کو صاف کرنے کے لیے فلٹریشن سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے، تاکہ یہ پانی پارکوں اور گرین بیلٹس میں دوبارہ استعمال ہو سکے۔
چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا "یہ منصوبہ صرف ایک تکنیکی حل نہیں بلکہ ایک وژن ہے پائیدار ترقی، ماحولیاتی توازن اور عوامی فلاح کی سمت ایک عملی قدم۔”ٹاؤن انتظامیہ مستقبل میں اس کامیاب ماڈل کو گلبرگ کے دیگر علاقوں تک وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ کراچی جیسے میگا سٹی میں آبی بحران سے نمٹنے میں مدد ملے۔