پنجاب کو پاکستان کا سرسبز ترین صوبہ بنایا جائے گا:مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب نے گزشتہ ایک سال میں ماحولیاتی بہتری کے لیے ایسے اقدامات کیے ہیں جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ الحمدللہ، پنجاب کی پہلی کلائمیٹ پالیسی اور کلائمیٹ ریزیلینٹ پنجاب ویژن اینڈ ایکشن پلان نافذ کیا جا چکا ہے۔ یہ وہ سنگ میل ہے جو ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کی عملی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں ماحول دوست کاروبار اور اسٹارٹ اپس کے فروغ کے لیے 15 ارب روپے کا خصوصی فنڈ قائم کیا گیا ہے۔ اسی طرح پنجاب کو پاکستان کی پہلی انوائرمنٹل پروٹیکشن فورس قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پلاسٹک آلودگی پر قابو پانے کے لیے پلاسٹک مینجمنٹ سیل قائم کیا گیا ہے، جو سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی کو یقینی بنا رہا ہے، اور پہلی مرتبہ پلاسٹک بنانے اور فروخت کرنے والوں کی آن لائن رجسٹریشن شروع کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ سموگ کے مستقل حل کے لیے پنجاب میں بین الاقوامی معیار کے مطابق گاڑیوں کی امیشن ٹیسٹنگ سرٹیفیکیشن کا نظام متعارف کروایا گیا ہے اور لاکھوں گاڑیوں کی رجسٹریشن اس نظام کے تحت ہو چکی ہے۔ ماحولیاتی معیار کی مؤثر نگرانی کے لیے صوبے بھر میں 50 ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشن نصب کیے جا چکے ہیں۔

مریم نواز شریف نے یہ خوشخبری بھی دی کہ لاہور میں الیکٹرک بس سروس شروع کر دی گئی ہے اور تمام ڈویژنز میں مزید 1100 الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی۔ صوبے بھر میں الیکٹرک وہیکلز کے لیے چارجنگ اسٹیشنز بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔ماحولیاتی عہد کو عملی اقدامات میں تبدیل کر کے پنجاب کو پاکستان کا سرسبز ترین صوبہ بنایا جائے گا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں