کراچی: نیو کراچی ٹاؤن میں TMC کرکٹ چیمپئن 2024 ٹرافی کی تقریب رونمائی۔ 20 دسمبر 2024 سے شروع ہونے والے کرکٹ نائٹ ٹورنامنٹ میں نیو کراچی ٹاؤن کی 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔تقریب رونمائی میں وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، جماعت اسلامی کے ذمہ داران، ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن مُشتاق احمد،ٹورنامنٹ کمیٹی ممبران عمران شفیق،فیصل صغیر،ندیم حیدر،حسنین میؤ،آفتاب احمد،جاوید جمال،سعد سلیم و دیگرٹاؤن افسران،الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعدادبھی موجود تھی۔
تقریب رونمائی میں چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب عوامی نمائندوں کو جب اختیار ملا تو ہم نے نیو کراچی ٹاؤن کے پارکوں اور کھیل کے میدانوں کا جائزہ لیا جہاں پر نوجوانوں اور بچوں کے لئے کوئی سہولت موجود نہیں تھی،اجڑے ہوئے کھیل کے میدانوں کی وجہ سے نوجوانوں میں منفی سرگرمیاں پیدا ہورہی تھیں نوجوان اُس سمت کی طرف بڑھ رہے تھے جہاں اُن کا مستقبل تاریک ہوجائے۔ہم نے ترجیحی بنیادوں پر نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے بچانے اور مثبت سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کرنے کا بیڑا اُٹھایا۔جس سے نوجوان نسل کا مستقبل تابناک بنایا جا سکے اور وہ معاشرے کے کامیاب اور کامران فرد بن سکیں جماعت اسلامی نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے
انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کا نوجوان با صلاحیت اور کام کرنے کا عزم رکھتا ہے،نیو کراچی ٹاؤن کے نوجوان ہر شعبہ زندگی میں کام کرتے دکھائی دیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں TMC کرکٹ چیمپئن ٹرافی2024 کا انعقاد کیا جائے اس کے بعد فٹبال، ہاکی اور دیگرکھیلوں کے مقابلے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ہماری شائقین کرکٹ سے اپیل ہے کہ ان نوجوانوں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں جماعت اسلامی اس بات کا عزم رکھتی ہے کہ ہم تعمیر و ترقی کے ساتھ اپنے نوجوانوں کھلاڑیوں کی سرپرستی بھی کریں گے چاہے وہ کسی بھی شعبے یا کھیل سے تعلق رکھتے ہوں نوجوان نسل اگر مثبت کا موں میں اپنا وقت سرف کرے گی تو ملک و قوم کے لئے بہترین اثاثہ ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ نیو کراچی ٹاؤن میں چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف،وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کی کاوشوں سے 20 دسمبر 2024 سے TMC کرکٹ چیمپئن ٹرافی کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں نیو کراچی ٹاؤن کی ہر یونین کمیٹی سے ایک ٹیم کھیلے گی ٹورنامنٹ کے تمام میچیز نائٹ میں نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔