
لاہور: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ٹیکس نیٹ آئی ایم ایف کی نہیں پاکستان کی ضرورت ہے اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ جو تاجر ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں وہ خود ٹیکس نیٹ میں آئیں انہیں سہولیات دیں گے لیکن مہم سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام چاہتے ہیں تو نجکاری کی طرف جاناہوگا اور نجی شعبےکو آگے آنا ہوگا، ہم نے بجلی کی چوری کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت میں بہترین کام ہوا ہے، شہباز شریف حکومت اور نگران حکومت نے 9 ماہ کےمعاہدے کواچھی طرح نبھایا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ٹیکس، جی ڈی پی اور توانائی پرکام کرنےکی ضرورت ہے، ہم نے ٹیکس نیٹ بڑھانا ہے اور اس کی وجہ آئی ایم ایف نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان کی ضرورت ہے، پاکستان میں 8 سے10 ٹریلین کیش اس وقت مارکیٹ میں گھوم رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ اپریل میں ہم نے ٹیکس رجسٹریشن کےلیےمہم کا آغازکیا تھا، لوگ سمجھتے ہیں وہ ٹیکس نیٹ میں آجائیں گے تو انہیں بلاوجہ ہراساں کیاجائےگا، جو تاجر بھائی ٹیکس نیٹ کے باہر ہیں وہ خود ٹیکس نیٹ میں آئیں، انہیں ہر طرح کی سہولت دیں گے۔
