
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ،اورچیئرمین سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید ناصر حسین شاہ کی زیرِ صدارت منعقدہ انیسویں بورڈ اجلاس میں ضلع جنوبی میں صفائی کے لئے نئے ٹینڈر کرنے اور ضلع شرقی سے کچرااٹھانے کے لئے نئے ٹینڈرکے پروسیس کا آغاز کرنے کی منظوری دی۔علاوہ ازیں بورڈ ایجنڈے میں شامل سندھ کے شہر میرپورخاص اور شہیدبے نظیرآبادمیں کچرا اٹھانے کے نظام کو مربوط انداز میں انجام دینے کے لئے تشخیص اور تجزیہ (Assessment and Analysis)کے لئے منظوری دی گئی جبکہ اس موقع پروزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ان شہروں کے علاوہ سندھ کے دیگر بڑے شہروں مثلاً سانگھڑ، خیرپور، دادو، سیہون اورضلعی ہیڈ کوارٹر کو بھی شامل کریں تاکہ ان شہروں کے لئے بھی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم دیا جا سکے اور صفائی کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری سید نجم شاہ،ایم ڈی ایس ایس ڈبلیو ایم بی سید امتیاز علی شاہ،ایڈیشنل کمشنر ون سید عطااللہ، ایڈیشنل سیکریٹری فنانس معظم علی شاہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر طارق نظامانی،سیکریٹری سالڈ ویسٹ بورڈنسیم الدین،ایگزیکٹوڈائریکٹر فنانس ڈاڈلو ظہرانی، پرائیویٹ ممبر مصطفی ممتاز، چیف انٹرنل آڈیٹرفنانس ڈیپارٹمنٹ سید سمیر، و دیگر شرکاء موجود تھے۔ضلع جنوبی، شرقی، غربی اور ملیر کے لئے جی ٹی ایس سے لینڈ فل سائٹ آپریشن کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں اضافی ایجنڈے میں بورڈ نے ایکسٹرنل آڈٹ فرم ہائر کرنے کی منظوری دی۔ویسٹ ٹو انرجی کے لئے متعلقہ کمپنی کو لینڈفل سائیٹ پر اسٹڈی کے لئے جگہ کی فراہمی کے لئے جلد اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔اس کے علاوہ کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے لئے بورڈ نے ایچ آر کمیٹی کو سفارشات (recommendation) جلد جمع کرانے کی ہدایت کی۔ پچھلے اجلاس میں غیرمسلم کمیونٹی کی زیارتوں پر جانے کی منظوری پر عملدرآمد کرتے ہوئے اس سال 20 ملازمین کو زیارت کے لئے بھیجا گیا۔پچھلے بورڈ کی منظوری کے بعد حیدرآباد اور سکھر میں کمپنی نے مرحلہ وارآپریشن کاآغاز کردیا ہے۔علاوہ ازیں نجی فرنٹ اینڈ کلیکشن کمپنی معاہدے کے مطابق صفائی کے کام کے لئے عملہ بھرتی کریں گے لہذا ڈی ایم سیز کے سینیٹری ورکزاور سپروائزرو دیگر عملے کو واپس انکے محکمے میں بھیجا جائے گا تاکہ ڈی ایم سیز میں عملے کی کمی کو بہتر کیا جاسکے۔